منگل 17 نومبر 2026 - 13:00
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا فقیہ اہل بیت (ع) آیت اللہ العظمی وحید خراسانی کی رحلت پر تعزیتی پیغام

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی شیخ حسین وحید خراسانی (قدس سرہ) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فقیہ اہل بیت عصمت و طہارت (ع)، مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی شیخ حسین وحید خراسانی (قدس سرہ) کی رحلت پر جاری ایک تعزیتی پیغام میں اس عظیم سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ

فقیہ اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام، مرجع عالی قدر جہانِ تشیع اور حوزہ علمیہ کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (قدس سرہ) کی جانکاہ رحلت کی خبر سے عالم تشیع اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے عقیدت مندوں کو گہرا صدمہ اور دکھ پہنچا ہے۔

بلاشبہ اس عالم ربانی کی رحلت فقاہت و مرجعیت، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے تمام پیروکاروں کے لیے ایک عظیم اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس فقیہ جلیل القدر کے علمی و معنوی آثار، اخلاقی فضائل، تقویٰ و پرہیزگاری اور مخلصانہ خدمات ہمیشہ اہل علم و معرفت کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔

میں اس جانکاہ مصیبت پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، ولی امر مسلمین جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دام ظلہ العالی، مراجع عظام تقلید دامت برکاتہم، حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے معزز خاندان، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں نیز تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔

سید ساجد علی نقوی

17 نومبر 2026ء / 6 جمادی الثانی 1448ھ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha